اسلام آباد:
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر 5 ارب روپے سے بنکرز اور ایمرجنسی ہیلتھ یونٹ بنائیں گے۔

علی امین خان گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر رہنے والے رہائشیوں کے تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے 5 ارب روپے مالیت کے پروجیکٹ کو آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی پروگرام میں اولین ترجیج دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا پی ایس ڈی پی منصوبوں سے متعلق اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ 5 ارب روپے کے فنڈ سے ایل او سی پر حفاظتی بنکرز، ایمرجنسی ہیلتھ یونٹس، سڑکیں تعمیر کی جائیں گی، آزاد کشمیر میں 200 کلو میٹر طویل ٹورازم کوریڈور منصوبے کو پی ایس ڈی پی پروگرام کا حصہ بنایا جا رہا ہے، یہ منصوبہ آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے بھی بڑا اہم ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر رہنے والے عوام بھارتی جارحیت کے خلاف آزادکشمیر اور پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ ایل او سی پر رہائش پذیر عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے۔