ایمسٹر ڈیم:
ہالینڈ کے وسطی شہر یوتریخت میں مسافر ٹرام پر مسلح شخص کی فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے وسطی شہر میں مسافروں کو لے جانے والی ٹرام پر مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

یوتریخت پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت ’گوک مین تانس‘ کے نام سے ہوئی ہے جو 37 سالہ ترکی نژاد ہے۔ پولیس نے فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی کا عمل قرار دیتے ہوئے ملزم کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔

 

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ٹرام اسٹیشن کا گھیراؤ کرلیا، جب کہ ریسکیو ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے،ریسکیو ٹیم میں طبی سہولیات سے لیس 3 ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ٹرام اسٹیشن کے اطراف رہنے والے افراد کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لایا گیا ہے۔ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔