کراچی:
پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے بھارتیوں کی پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کا منفی اورغلط استعمال کرتا ہے۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکار میکال ذوالفقار نے حال ہی میں اپنے بھارت میں کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پہلے پاکستانی فنکاروں کا منفی اور غلط استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں آلہ کار بناکر مشکلات میں اکیلا چھوڑ دیتے ہیں۔

میکال ذوالفقار نے کہا  جب میں نے فلم ’’بے بی‘‘ سائن کی اس وقت میں نے خصوصی طور پر پوچھاتھا کہ کیا یہ فلم اسلام اور پاکستان مخالف ہے تب فلم میکرز نے کہا نہیں بلکہ فلم میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ میں فلم کے پہلے حصے میں نہیں تھا مجھے فلم کے اسکرپٹ سے متعلق کوئی اندازہ نہیں تھا تاہم جب  فلم ریلیز ہوئی تب مجھے حقیقت کا علم ہوا، اس کے بعد  میں نے فیصلہ کیا کہ میں صرف پاکستانی فلموں میں کام کروں گا اس کے علاوہ ہمیں بھارت میں وہ عزت بھی نہیں دی جاتی جس کے ہم حقدار ہیں۔

 

اس خبرکوبھی پڑھیں: اداکارمیکال ذوالفقار نے  بیوی کو طلاق دیدی

میکال ذوالفقار نے کہا بھارتی ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کو مشکلات اورتنازعات میں دھکیل دیتے ہیں، وینا ملک کی مثال ہی لے لیجئےجب ان کا فوٹوشوٹ ریلیز ہوا وینا ملک تنازع کا شکار ہوگئی تھیں اور ان پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔  میکال ذوالفقار نےمزید کہا مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور اپنے ملک میں کام کرنا پسند ہے جہاں  مجھےاپنے چاہنے والوں سے بے حد عزت ملتی ہے۔

واضح رہے کہ میکال ذوالفقار بھی دیگر پاکستانی فنکاروں کی طرح بھارت میں کام کرچکے ہیں تاہم وہ فواد خان اورماہرہ خان کی طرح شہرت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ میکال ذوالفقارکی پاکستانی فلم’’شیردل‘‘رواں ماہ 22 مارچ کو ریلیز کی جائے گی فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ ارمیناخان اور حسن نیازی اہم کردار اداکرتے نظر آئیں گے۔