کامیڈی فلم ’’انٹرٹینمنٹ‘‘ صرف ’’بھانڈ کے ہاتھ میں چموٹا‘‘ والی بات نہیں، تمنا بھاٹیاممبئی: بالی ووڈ اداکارہ تمنا بھاٹیا نے کہا ہے کہ ان کی 8 اگست کو ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’’انٹرٹینمنٹ ‘‘ صرف’’ بھانڈ کے ہاتھ میں چموٹا ‘‘ ہی نہیں ہے بلکہ ذہنی آسودگی پر مشتمل فلم ہوگی جسے فیملی کے ارکان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
اس فلم کو ساجد فرحاد نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ اس کے پروڈیوسر رمیش ایس تورانی ہیں۔ ایک اسمارٹ فون اے 500 کے سیلکون سگنیرچر لانچ کی تقریب کے بعد اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا فلم ’’انٹرٹینمنٹ ‘‘ مزاحیہ تو ہے مگر ایسا نہیں کہ اس فلم میں صرف کسی مسخرے کے ہاتھ میں چھڑی والی بات ہو، اسے خاندان کے افراد کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ ایک اور فلم ’’آگادو ‘‘ میں تیلگو اداکار مہیش بابو کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جس کے ڈائریکٹر سرینو وتلا ہیں۔
تمنا بھاٹیا نے مزید بتایا کہ وہ میگا پروجیکٹ کی فلم ’’بہوبلی ‘‘ میں بھی کام کر رہی ہیں جس کے ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی ہیں اور یہ فلم بھی جلد ریلیز ہوگی‘ اسی طرح میں ایک تامل فلم میں بھی کام کر رہی ہوں جس میں اداکار آریا کے ساتھ مرکزی کردار نبھا رہی ہوں، اس فلم کے ہدایتکار راجیش ہیں۔ تمنا نے کہا کہ اگر کوئی اچھا موضوع مل جائے تو وہ کناڈا فلم میں بھی کام کرنے کی خواہاں ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ اس وقت ہندی‘ تامل‘ اور تیلگو فلموں میں کام کر رہی ہیں اور اگر اس کے ساتھ ساتھ کچھ کناڈا فلم میں بھی کام مل جائے تو بہت اچھا ہوگا‘ انھیں اس فلم کا ضرور حصہ بننا ہوگا۔ فلم ’’انٹرٹینمنٹ ‘‘ میں تمنا بھاٹیا ایکشن ہیروں اداکار اکشے کمار کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جس میں وہ ’’ساکشی ‘‘ کے نام سے اکشے سے رومانس کرتے نظر آئیں گی جب کہ دیگر کاسٹ میں متھن چکروتی‘ مزاحیہ اداکار جونی لیور‘ کرشنہ ابھیشیک‘ پرکاش راج‘ سونو سوڈ‘ وراجیش ہیرجی‘ ہٹن تیجوانی اور رتیش دیش مکھ شامل ہیں‘ اس فلم کا میوزک سچن اور جگر نے ترتیب دیا ہے جب کہ فلم کی عکسبندی ممبئی اور ہانگ کانگ میں کی گئی۔