356

کرونا وائرس، سعودی فرمانروا کا چین کی مدد کا اعلان

ریاض: سعودی فرمانروا نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کو امدادی سامان بھیجنے کی ہدایت کردی۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان نے جمعرات کے روز چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے شی جن پنگ سے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام وائرس کی وبا سے ہونے والی تکالیف اور مشکلات پر چینی عوام کے ساتھ ہیں۔

سعودی فرمانروا نے کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور متاثرین کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں:

یمن میں القاعدہ کے اہم رہنما قاسم الریمی ہلاک

شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ چین کی حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے میں کامیاب ہوجائے گی‘۔ انہوں نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان اور ادویات چین روانہ کریں تاکہ وائرس کی روک تھام سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے میں چین کو مدد مل سکے۔

چینی صدر نے سعودی فرمانروا کے جذبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ اس قسم کی وبا سے نمٹنے اور قابو پانے کے حوالے سے چین کے پاس خاصا تجربہ ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے مہلک وائرس نے دنیا کے 15 سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متعلق کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ صرف چین میں ہی آج تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 563 تک پہنچ گئی۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوبئی صوبے میں ہوئی، اب تک ملک بھر میں 28 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں