عارضہ قلب میں مبتلا نوجوان آخری خواہش پوری ہونے کے بعد زندگی کی بازی ہار گیالاہور: زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا لاہور کا 16 سالہ نوجوان اپنی آخری خواہش پوری ہونے کے بعد دنیا سے چل بسا۔
دل کے مرض میں مبتلا لاہور کے 16 سالہ نوجوان دانیال کی آخری خواہش چیرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات تھی جسے پورا کرتے ہوئے عمران خان گزشتہ روز ان کے گھر گئے اور دانیال کے علاج پر آنے والے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا۔ دانیال نے عمران خان سے ملاقات کے دوران انہیں سینے سے لگایا اور اپنی خواہش کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن خواہش کی تکمیل کے اگلے ہی روز وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملا۔
دانیال کوعلاج کے لئے بدھ کو بھارت جانا تھا تاہم اس سے قبل آج وہ اپنے والد کے ہمراہ پولیو کے قطرے پینے گیا تھا کہ اچانک وہاں اس کی طبیعت بگڑ گئی اور اسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس دوران وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق دانیال کا دل 25 فیصد کام کر رہا تھا اورعام حالات میں دل کا 85 فیصد کام کرنا ضروری ہوتا ہے، پیچیدہ صورتحال کے بعد ہی دانیال کو دل کی سرجری کے لئے بھارت جانے کا کہا گیا تھا۔