417

27 فروری کا دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: وزیر خارجہ شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 27 فروری کے حوالے سے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ یہ دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اس دن ہماری بہادر فوج نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کر کے تاریخ رقم کر دی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو ہم نے تمام دنیا کو پیغام دیا کہ ہمارا دفاع ناقابل تسخیر ہے، آیندہ بھی دشمن کو کبھی اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شاہ محمود نے کہا کہ بھارتی طیارے کو گرا کر دشمن کو بتا دیا کہ ہم اس سے بہتر دفاعی صلاحیت رکھتے ہیں، اس کے بعد دوران کشیدگی بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے دنیا کو امن کا علم بردار ہونے کا پیغام بھی دیا، ہمیں فورسز پر فخر ہے جو دفاع وطن کے لیے ہر دم تیار کھڑی ہیں، آج کے دن یہ بھی ثابت ہو گیا کہ پاک فوج جارحیت مخالف ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری فوج دشمن کے ہر جارحانہ قدم کے مقابلے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت کے مقابلے کے لیے بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز، سرجیکل ماسک کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

ان کا کہنا تھا آج بھارتی حکومت اپنے ہی لوگوں پر ظلم و ستم اور تشدد کر رہی ہے، مسلمانوں پر ظلم نے قائد اعظم کے2 قومی نظریے کی اہمیت ثابت کردی۔

خیال رہے کہ 27 فروری وہ دن ہے جب دشمن ملک بھارت کے دو جنگی طیارے پاکستان کی فضائی حدود میں‌ داخل ہوئے جنھیں ہمارے شاہینوں‌ نے مار گرایا، پاکستان کی فضائی حدود میں‌ گھسنے کی کوشش کرنے والے دو طیاروں میں سے ایک کا پائلٹ ابھی نندن ورتمان گرفتار ہوا اور اقوامِ عالم میں بھارت کی ذلت و رسوائی کا سبب بنا، بھارت کا دوسرا جنگی طیارہ مقبوضہ کشمیر میں‌ گر کر تباہ ہوا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں