438

امریکا میں کرونا سے متاثرہ 11 افراد ہلاک، کیلیفورنیا اور واشنگٹن میں ایمرجنسی نافذ

واشنگٹن : کرونا وائرس نے امریکا میں مزید 3 افراد کی جانیں لے لیں، جس کے بعد امریکی حکام نے ریاست کیلیفورنیا میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

تفصیلات کے مطابق ہلاکت خیز کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں مزید 3 شہریوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 11 تک پہنچ چکی ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا 15 ریاستوں میں کرونا وائرس کے اب تک 150 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس میں 53 مریضوں کا تعلق ریاست کیلیفورنیا سے ہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا حکام نے ریاست میں کرونا وائرس کے باعث پہلے شخص کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ریاست بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ ان کی ریاست سرکاری سطح پر ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کا پتہ لگایا جائے اور اس وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو کم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی شہرت کو نقصان پہنچانے پر واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز پر مقدمہ

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست واشنگٹن میں گزشتہ ماہ اس وقت ہی ایمرجنسی نافذ کردی تھی جبکہ کرونا سے متاثرہ پہلے امریکی شہری کی موت واقع ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے 11 میں 10 افراد کا تعلق واشنگٹن سے تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3250 ہوگئی ہے جبکہ 81 ممالک میں 95ہزار افراد وائرس کا شکار ہیں اور 53 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

چین میں وائرس سے ہلاکتوں اور مریضوں میں بتدریج کمی آرہی ہے ، چین کےبعد ایران میں کورونا وائرس نے زور پکڑلیا، جہاں ستتر افراد جان سے گئے اور ڈھائی ہزارمتاثرہیں، ایرانی حکومت نے فوج طلب کرکے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں بے پناہ اضافے کے بعد گزشتہ روز عالمی ادارے صحت اور عالمی جانب سے کرونا سے متاثرہ ممالک کے لیے 12 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں