اسلام آباد: قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی۔ ملاقات میں وزیر توانائی اویس لغاری اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی خصوصی طور پر طلب کیا گیا۔ وزارت توانائی کے حکام نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کو لوڈشیڈنگ اور بجلی کی پیداوار پر تفصیلی بریفنگ دی۔

نواز شریف نے وزیراعظم کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے حکومت اور پارٹی کا امیج متاثر ہو رہا ہے، جس پر وزیر اعظم نے کہا حالیہ لوڈشیڈنگ تکنیکی وجوہات اور سسٹم میں خرابی کے باعث ہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قائد مسلم لیگ(ن)کو رمضان میں سحر اور افطار میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔