کراچی: گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی نامور پاکستانی گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دھمکیاں ملنے کے باعث سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے۔

میشا شفیع چند روز قبل اپنے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس بند کرنے کے باعث شدید تنقید کی زد میں آگئی تھیں لہٰذا انہوں نے اپنے اکاؤنٹس بند کرنے کی وجہ خود ہی بتادی۔ میشا کا کہنا ہے کہ علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہاتھااور انہیں دھمکیاں دینے کے ساتھ پریشان بھی کیا جارہاتھا۔ لہٰذا وہ خود کو، اپنے گھروالوں کو خاص طور پراپنے دونوں بچوں کو دھمکیاں دینے والوں سے محفوظ رکھنا چاہتی تھی اسلیے انہوں نے اپنا فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کرنےکا فیصلہ کیا تاہم ٹوئٹر اکاؤنٹ ابھی بھی بحال ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: علی ظفر اور میشا شفیع میں وجہ تنازع بننے والی ویڈیو منظر عام پر
دوسری جانب میشا شفیع کے وکیل احمد پنسوٹا نے ایک انٹرویو کے دوران میشا کے کینیڈا شفٹ ہونے کی خبروں کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہےکہ ان کی موکل یہیں پر رہ کرمقدمات کا سامنا کریں گی۔ وکیل پنسوٹا نے مزید کہا بہت سارے کیسز میں اگر دوسری پارٹی کا کیس کمزور ہو تواس طرح کی افواہیں ان کا کیس مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔