اسلام آباد: قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے بھارتی سرحد کے قریب 6 ارب کا نارووال اسپورٹس سٹی بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

جسٹس(ر) جاوید اقبال نے بھارتی سرحد سے مبینہ طور پر 800 میٹردور 44 ایکڑ زمین پر نارووال اسپورٹس سٹی بنانے اور اس پر مبینہ طور پر قواعد وضوابط اور سیکیورٹی خدشات کے باوجودقوم کے تقریباً 6 ارب روپے خرچ کرنے کی میڈیا رپورٹ کا نوٹس لیتے ہوئے شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔

مزید برآں چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نوازگھنجیرا کے سرکاری نوکری سے رٹائرمنٹ کے بعد بیرون ملک سرکاری دورے پر جانے اور ان کو ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ ہوتے ہوئے قواعد و ضوابط کے برعکس نارووال اسپورٹس سٹی کا پراجیکٹ ڈائریکٹر بنانے کی بھی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔