کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ دورۂ انگلینڈ کے لیے ٹیم میں فواد عالم کی جگہ بنتی ہے، اس کی بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔

یونس خان نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق موٹروے پولیس کا محکمہ کرپشن سے پاک ہے۔ یہاں چالان کے بدلے شاباشی ملتی ہے، کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کپتان نے کہا کہ فواد عالم کہیں اورکا نہیں، پاکستان کا کھلاڑی ہے، دورۂ انگلینڈ کے موقع پر بہترین موقع تھا کہ اسے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنایا جاتا، اہلیت اورکارکردگی کی بنیاد پر میرٹ پر اترنے کے ناطے قومی اسکواڈ میں اس کی جگہ بنتی ہے۔

سابق کپتان نے کہاکہ ایک زمانہ تھاکہ مصباح الحق، میری اور انضمام الحق جیسے سینئرز بیٹسمینوں کی موجودگی میں فواد عالم جیسے کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں بن پاتی تھی لیکن اب موقع ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کوصلاحیتوں کے اظہارکے مواقع فراہم کیے جائیں۔