لاہور: پاکستان سپر کبڈی لیگ چیمپئن کا تاج گجرات واریئرزکے سرسج گیا، ٹیم نے فائنل میں فیصل آباد شیردلز کو 26 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے ہرادیا۔

نشتر اسپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں پول اے سے گجرات واریئرز اور پول بی سے فیصل آباد شیردلز کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں مدمقابل ہوئیں، الگ الگ پولز میں ہونے کی وجہ سے فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا نہیں ہوا تھا۔

لیگ مرحلے میں 4،4 میچز کھیلے، 2،2 فتوحات سمیٹیں اور 4،4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں، فائنل ٹاکرے کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آغاز میں اچھا کھیل پیش کیا اور پہلے ہاف میں مقابلہ بہت سخت رہا، وقفے تک گجرات واریئرز کو صرف ایک پوائنٹ کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں تحسین اللہ نے4 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے گجرات کی برتری میں اضافہ کیا جس کے بعد کھلاڑیوں نے فیصل آباد پر دبائو بڑھا دیا۔

ایک جانب تو ریڈرز نے تیزی سے پوائنٹس حاصل کیے تو دوسری جانب دفاعی کھلاڑیوں نے حریف ریڈرز کیلیے پوائنٹس کا حصول مشکل بنایا، گجرات واریئرز نے مقررہ وقت ختم ہونے پر مقابلہ 26 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔

فاتح کپتان عمران، بابا علی نے شاندار کھیل پیش کیا۔ فاتح ٹیم کے تحسین اللہ مین آف دی میچ قرار پائے، انھوں نے اپنی شاندار کارکردگی کو ماں کی دعائوں کا نتیجہ قرار دیا۔ فیصل آباد شیر دلز کے کپتان ناصر علی نے ایونٹ میں 68 پوائنٹس اسکور کیے اور پلیئر آف دی لیگ قرار پائے، انھیں ٹرافی اور موٹر سائیکل انعام میں دی گئی۔