کراچی: پاکستان نے امریکی دفاعی اتاشی ’’کرنل جوزف‘‘ کے معاملے پر ٹرمپ حکومت کا کوئی’’دباؤ‘‘ قبول نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے امریکی حکام کو واضح سفارتی پیغام میں آگاہ کردیاہے کہ کرنل جوزف کا معاملہ ’’عدالت ‘‘میں زیرسماعت ہے۔ کرنل جوزف کو ویانا کنویشن کے مطابق سفارتی استشنیٰ دینے کا فیصلہ عدالتی احکام کی روشنی میں قانون کے مطابق کیا جائے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ کرنل جوزف کا معاملہ حل کرانے کیلیے پاکستان کی حکومت سے رابطے میں ہے۔

وفاقی حکومت نے کرنل جوزف کے معاملے پر امریکی حکام کو واضح جواب دے دیاہے کہ پاکستان ’’ویانا کنویشن‘‘ کا احترام کرتا ہے تاہم آئین و قانون کی بالادستی پہلی ترجیح ہے۔