ڈبلن: ٹیسٹ ڈیبیو کا آئرش انتظار طویل ہوگیا، جشن دھرا رہ گیا اور بارش رنگ میں بھنگ ڈالنے پہنچ گئی تاہم اولین ٹیسٹ کے پہلے دن ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا۔

آئرلینڈ کی تاریخ کے اولین ٹیسٹ کے پہلے روز بارش نے مداخلت کر دی،پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی اور مقامی ساڑھے 10بجے ٹاس اور نصف گھنٹے بعد میچ کا آغاز ہونا تھا لیکن رات کو بارش ہوئی،صبح کے وقت بھی موسم خراب ہی رہا، پہلے امپائرز نے11بجے میدان کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا،پھر ایک گھنٹے بعد دوبارہ یہی عمل دہرانے کا کہا گیا لیکن اس سے قبل ہی بارش کے ساتھ تیزہوائیں بھی چلنا شروع ہوگئیں،امپائرز بڑی مشکل سے چھتریاں سنبھالتے رہے۔

گرائونڈ اسٹاف پچز کو کور کرنے کے ساتھ میدان سے پانی نکالنے کیلیے بھی کوشاں رہا،بالآخر 3بجے حتمی فیصلہ کرلیا گیا کہ پہلے روز کا کھیل ممکن نہیں ہو سکے گا، یوں آئرلینڈ کو ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیلیے مزید ایک روز انتظار کرنا پڑے گا،بادلوں کی آنکھ مچولی میں ٹاس اور ٹیموں کے اعلان کی نوبت بھی نہیں آسکی،آئرش کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہوتی دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم کے تمام6600ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے۔