کراچی: پی سی بی کی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے کہا ہے کہ اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کیلیے پاکستان کی15رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم بہت متوازن اور دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

چیف سلیکٹر نے ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران اور بعدزاں نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ بھارت کو شکست دے سکتی ہے، سری لنکا سخت حریف ثابت ہوسکتی ہے، غیرملکی کوچ کی آمد سے ٹیم کا مورال بلند ہوا اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں بہتر نتائج کے لیے مربوط لائحہ عمل تیار کرلیا ہے،

جلال الدین نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا انتخاب جمعرات کو مکمل ہونے والے ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے بعد کیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ ان کے سابق انٹرنیشنل تجربے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے ان کے علاوہ بھی کئی با صلاحیت کھلاڑی ہماری نظروں میں ہیں۔