ڈبلن: فہیم اشرف نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری کا سنہری موقع گنوا دیا، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے 12ویں پاکستانی کا اعزاز پانے سے محروم رہ گئے۔

ڈبلن ٹیسٹ میں فہیم اشرف نے83کے انفرادی اسکور پر اسٹورٹ تھامپسن کی ایک گیند کے باؤنس سے پریشان ہوکر وکٹ کیپر نیل اوبرائن کو کیچ دیا تو ایلیٹ کلب میں شامل ہونے کا موقع بھی گنوا دیا، عمراکمل نے ڈونیڈن ٹیسٹ 2009میں نیوزی لینڈ کیخلاف 129رنز کی اننگز کھیل کر ڈیبیو پر سنچری میکر پاکستانیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کرایا تھا۔

اس سے قبل خالد عباداللہ،جاوید میانداد، سلیم ملک،محمد وسیم،علی نقوی،اظہر محمود،یونس خان،توفیق عمر، یاسر حمید اور فواد عالم بھی کیریئر کے اولین ٹیسٹ کو تھری فیگر اننگز سے یادگار بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، یاسر حمید نے بنگلادیش کیخلاف کراچی ٹیسٹ 2002کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے کا منفرد کارنامہ سرانجام دیا تھا،اوپنر پہلی باری میں170رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے جو پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر سب سے بڑی انفرادی اننگز بھی ہے،انھوں نے دوسری اننگز میں 105رنز بنائے تھے۔