غزہ: مقبوضہ فلسطین میں گزشتہ روز صیہونی بربریت کا شکار ہوکر شہید ہونے والے فلسطینیوں کو سپرد خاک کیا جارہا ہے جب کہ مقبوضہ علاقے میں اس قتل و غارت کے خلاف 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آج فلسطین میں یوم سقوط فلسطین کے حوالے سے صدر محمد عباس کی اپیل پر ہڑتال کی جارہی ہے جب کے گزشتہ روز غزہ اسرائیل سرحد پر احتجاج کے دوران شہید ہونے والوں فلسطینیوں کی تدفین کا عمل بھی جا رہی ہے اس موقع پر سوگ کا سا سماں ہے اور ہر آنکھ اشک بار ہے۔ فلسطین کے صدر نے تین روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا ہے۔

غزہ سرحد پر گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہفتہ وار مظاہروں کا انتظام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ خالد باتش کا کہنا ہے کہ منگل کا روز جنازوں کا دن ہے، ہم اپنے شہداء کو سپرد خاک اور شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دینے کے عزم کا عہد کررہے ہیں چنانچہ آج 15 مئی کو غزہ کی سرحد پر مظاہرے نہیں ہوں گے۔