ڈبلن: ڈبلن ٹیسٹ میں فتح کا تر نوالہ پاکستانی گلے میں اٹکنے لگا، آئرلینڈ نے فالوآن کے بعد دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹ پر 319رنز اسکور کرلیے۔

ڈبلن ٹیسٹ میں فالوآن کے بعد 180رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والے آئرلینڈ نے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 64رنز بنائے تھے،پیر کو ایڈ جوائس 39اور ولیم پورٹر فیلڈ23کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر آئے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی تیسرے ہی اوور میں مل گئی،سنگل کیلیے کوشاں ایڈ جوائس کو فہیم اشرف کے مڈوکٹ سے شاندار ڈائریکٹ تھرو نے کریز تک پہنچنے کی مہلت نہ دی، اوپنر نے 43رنز بنائے، محمد عباس نے اینڈی بالبرینی کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی ایل بی ڈبلیو کردیا،انھوں نے ڈیبیو پر پیئرکی شرمندگی اٹھاتے ہوئے پویلین کی راہ لی،مجموعی اسکور 93تک پہنچا تھا کہ محمد عامر نے نیل اوبرائن(18)کی بیلز فضا میں بکھیر دیں،اگلا شکار بھی پیسر نے کیا۔

ولیم پورٹر فیلڈ32رنز بناکر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے،کیون اوبرائن ابتدا میں ہی خوش قسمتی سے وکٹ محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوئے،شاداب خان کی ایک گیند بیٹ کا اندرونی کنارا چھوتی ہوئی اسٹمپس کے انتہائی قریب سے گزر گئی،لنچ تک آئرلینڈ نے 4وکٹ پر123رنز بنائے تھے،وقفے کے بعد محمد عباس کی شاندار ان سوئنگر پر پال اسٹرلنگ ایل بی ڈبلیو ہوگئے،ان کی اننگز صرف11رنز تک محدود رہی۔