لندن: پاکستان کے خلاف سیریز میں جونی بیئر اسٹو دہرے کردار کیلیے تیار ہیں جب کہ وہ وکٹ کیپنگ کے ساتھ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی ذمہ داری بھی ادا کریں گے۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انگلینڈ نے اپنی بیٹنگ لائن میں ردوبدل کیا ہے جس کے تحت وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیئر اسٹو کو اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ وکٹ کے عقب میں چوکیداری کے ساتھ پانچویں نمبر پر بیٹنگ بھی کریں گے۔ نئے نیشنل سلیکٹر ایڈ اسمتھ اس کیلیے بیئر اسٹو کو موزوں ترین سمجھتے ہیں، انھوں نے ہی فون کر کے بیئر اسٹو کو بیٹنگ پوزیشن میں بہترین کی خبر سنائی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین کہتے ہیں کہ جب مجھے بتایا گیا کہ میرے آرڈر میں ترقی ہوئی ہے تو مجھے بہت زیادہ خوشی اور خود پر فخر محسوس ہوا، اس کا مطلب ہے کہ آپ کے اوپر جو لوگ موجود ہیں وہ آپ کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہیں، وہ مجھ سے کچھ زیادہ چاہتے ہیں کیونکہ انھیں مجھ پر اعتماد ہیں وہ کہتے ہیں کہ تم یہ کرسکتے ہو اور مجھے اسی چیز سے خوشی ہوتی ہے کیونکہ آپ کی بھی خواہش ہوتی ہے کہ کپتان، کوچ اور ہیڈ سلیکٹرز سب ان کی حمایت کریں۔