اٹک: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ملکر عہد کرنا ہے کہ اپنے ووٹ کو بے وقار نہیں ہونے دیں گے۔

اٹک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں دن رات نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کررہا تھا لیکن مجھے اس خدمت سے روک دیا گیا، مجھے ہائی جیکر بنایا گیا، 14 ماہ کراچی اوراٹک میں قید کیا گیا ایک وزیراعظم سے یہ سلوک کرتے ہو جب کہ یہ کہتے تھے کہ نوازشریف کو تاحیات نااہل کریں گے تو یہ زیرو ہوجائے گا،ختم ہوجائے گا۔

نوازشریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تم نے خیبرپختونخوا کے لوگوں کو دھوکا دیا، ظلم اور زیادتی کی، آج اٹک پنجاب کا بہترین ضلع بن رہا ہے، خیبرپختونخوا یہاں سے کتنا دور ہے؟ نیا کے پی بنانے سے پہلے ذرا اٹک تو آکر دیکھ لو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، دہشت گردی ختم کی، کراچی کو پر امن شہر بنایا، موٹرویز بنائیں لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کا الزام عائد کرکے مجھے فارغ کیا جب کہ آج تک مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔