لاہور: سینٹرل جیل میں قید بھارتی شہری کی 36 سال بعد شہریت کی تصدیق ہوگئی ہے گجنندشرما بھارتی شہر جے پورکا رہائشی ہے جو 1982 میں لاپتہ ہوگیا تھا۔

لاہورکی سینٹرل جیل میں قیدبھارتی شہری گجنندشرما کی شہریت کی تصدیق کے لیے متعددبار بھارتی حکام کو خطوط لکھے گئے، ذرائع کے مطابق آخری بار 4 فروری کو گجنندشرما کی شہریت کے تصدیق کے لیے لکھے گئے خط پر موثرکارروائی کی گئی ہے۔

بھارتی حکام کی طرف سے پاکستانی حکام کوبتایا گیا ہے کہ گجنند شرما 1982 میں جے پور میں لاپتہ ہوا تھا، گجنند شرما کی بیوی لاکھنی دیوی اور دو بیٹوں راکیش اورمکیش کوتلاش کرلیا گیا ہے، لاکھنی دیوی اوران کے بیٹوں نے پاکستان کی طرف سے بھیجی گئی گجنند شرما کی تصویردیکھ کراسے پہچان لیا ہے، ان کے مطابق وہ کئی برسوں تک گجنند شرما کی تلاش کرتے رہے اوربالآخر ان کی امید ختم ہوگئی تھی، تاہم گجنند شرما کے زندہ ہونے کی خبرملنے کے بعد ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا۔