عرفات:  مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی اصل تصویر احسن اعمال پرہے جب کہ سیاست اور معیشت کودین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیزال الشیخ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو حکمرانوں کی فرمانبرداری اوراطاعت کا حکم دیا گیا ہے، حکمران ایسا ہونا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت کرے اورہرطرح کی برائی کو روکے، حکمرانی ایسی ہو جس میں  الله اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پیروی کی جائے، شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے،  اللہ کا حکم ہے فیصلہ سازی عدل کی بنیاد پر کی جائے، سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ مسلمان کا مال، خون اورعزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے، اسلام ظلم و زیادتی کو پسند نہیں کرتا، مسلمان کو چاہیے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے، نبی پاک ﷺ کی پیش کردہ اخلاقیات کسی بھی بے گناہ کو نقصان پہنچانے سے روکتی ہیں، معاشرے کے امن کیلیے ہرمسلمان کو کوشش کرنی چاہیے، اخلاق حسنہ معاشرے کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، پوری دنیا کو قرآن پاک کے مطالعے کی دعوت دیتے ہیں، قرآن سیدھے راستے کی طرف لے کر جاتا ہے۔