لوئر دیر:  لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور سیکورٹی فورسز میں جھڑپوں سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لوئر دیر کے علاقے تالاش میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرے میں غیر معمولی طور پر خواتین نے بھی شرکت کی۔ شہریوں نے واپڈا دفتر کا گھیراؤ کرلیا اور جی ٹی روڈ بند کردی۔
علاقہ مکین احتجاج کرتے ہوئے تھانہ تالاش کے سامنے پہنچ گئے۔ پولیس اور ایف سی نے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔