ممبئی: بالی ووڈ کے نامور معروف ڈانسر ابھیجیت شندے نے خود کشی کرلی۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں کام نہ ملنے کی وجہ سے متعدد چھوٹے اداکار ذہنی دباؤ کا شکار رہتے ہیں اور خاص کر بیک اسٹیج کام کرنے والے فنکاروں کو ان مسائل کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے وہ اکثر فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلیتے ہیں یا پھر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیتے ہیں اور ایسے متعدد واقعات میڈیا میں رپورٹس ہوچکے ہیں، چند ماہ قبل ہی فلم ’اب تک چھپن‘ کے لکھاری روی شنکر الوک نے بھی ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کرلی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ میں سلمان خان، ہریتھک روشن، رنبیرکپور، رنویر سنگھ، اجے دیوگن اور پرابھودیوا سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ کام کرنے والے نامور ڈانسر ابھیجیت شندے نے خود کشی کرلی تاہم انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ پیشہ وارانہ مسائل کے باعث نہیں بلکہ ذاتی مسائل کے باعث کیا۔

 

رپورٹس کے مطابق ابھیجیت شندے کے اپنی بیوی کے ساتھ مسائل چل رہے تھے جس کے باعث وہ دو سالہ بیٹی کے ہمراہ اپنی ماں کے گھر میں رہ رہی تھیں جب کہ ابھیجیت کو گزشتہ 3 ماہ سے بیٹی سے ملنے  بھی نہیں دیا جارہا تھا جس کے باعث انہوں نے اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

خودکشی سے قبل انہوں نے ایک خط بھی لکھا جو ان کے کمرے سے ہی برآمد کیا گیا، جس میں ابھیجیت نے اپنے بینک اکاؤنٹس بیٹی کے نام پر ٹرانسفر کرنے کا کہا۔ دوسری جانب ابھیجیت کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ وہ ڈپریشن کا شکار رہتے تھے۔