کراچی: آئی جی سندھ نے پی پی پی کے رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں ملنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔

کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کریں گے، کمیٹی میں ایس پی انویسٹیگیشن ساؤتھ اور ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ بھی شامل ہیں، کمیٹی ایک ہفتے میں اپنی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس ثاقب نثار نے ضیاالدین اسپتال کا اچانک دورہ کیا تھا جس کے دوران وہاں زیر علاج سابق وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں، سگریٹ کے پیکٹ اور دیگر منشیات برآمد ہوئی تھیں۔

جیل سپرنٹنڈنٹ مجاہد خان کی مدعیت میں بوٹ بیسن تھانے میں شرجیل میمن کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں شرجیل میمن اور ان کے 3 ملازمین مشتاق، محمد جام اور شکر دین کو نامزد کیا گیا ہے۔