اسلام آباد: ملک بھر میں آج سے شجر کاری مہم کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت 10 ارب پودے لگائے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے آج سے شجرکاری مہم کا آغاز ہوگیا ہے، مہم کو پلانٹ فار پاکستان کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت 5 سال میں 10 ارب درخت اگانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا ۔ آج ملک کے بڑے شہروں میں 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ حکومت نے کہا ہے کہ اس مہم میں تمام شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
ہر صوبے میں وہاں کی زمین اور موسم کے لحاظ سے مختلف اقسام کے پودے لگائے جائیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو مختلف شہروں میں قائم 190 مراکز میں مفت پودے فراہم کریں گی۔
بلوچستان میں وزیراعلیٰ جام کمال نے پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا، ان کاکہنا تھا کہ آج بلوچستان میں 95 ہزار پودے لگائے جائیں گے،  لوگ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے درخت کاٹتے ہیں، اس لئے صوبے کے باسیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیرِریلوے شیخ رشید نے پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا، شہر میں آج 5 ہزار پودے لگائیں جائیں گے۔