برازیلیا:  برازیل کے تاریخی شاہی محل اور موجودہ قومی عجائب گھر میں آتشزدگی سے نوادرات جل کر خاکستر ہو گئے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں قومی عجائب گھر میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی سے عمارت کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچا جب کہ میوزیم میں موجود نایاب اور نادر اشیاء جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ خوفناک آگ پر قابو پانے کے لیے قریبی جھیل سے پانی حاصل کیا گیا عمارت میں موجود اکثر نادر اشیاء جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔ صرف چند ہی نوادرات کو بچایا جا سکا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔

 

برازیل کے صدر مائیکل تیمر نے اپنی ٹویٹ میں قومی عجائب گھر میں آتشزدگی کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری تہذیب و تمدن اور 2 سو سالہ تاریخ پر کی گئی تحقیق نذر آتش ہوگئی۔ شاہی محل کی حیثیت رکھنے والی عمارت کو پہنچنے والا نقصان ناقابل تلافی ہے۔ آج برازیل کی تاریخ کا سب سے دکھ بھرا دن ہے۔