ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار سونو سود کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت کے ساتھ فلم ’مانی کرنیکا :جھانسی کی رانی ‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی نامور اداکارہ کنگنا رناوت نے اداکار کے فلم چھوڑنے سے متعلق بتایا کہ سونو کو ایک خاتون ہدایتکار کے ماتحت کام کرنے میں پریشانی تھی،وہ ابتداء سے مجھ سے ملنا بھی نہیں چاہتے تھے اور اس بات پر مجھے تعجب بھی ہوا تھا کیوں کہ پوری ٹیم کو مجھ پر بھروسہ تھا لیکن لگتا ہے سونو کو مجھ پر بھروسہ نہیں تھا یہاں تک کہ انہوں نے مجھے اپنی بات رکھنے کا موقع بھی نہیں دیا۔

کنگنا نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال سے سونو اور اُن کی ملاقات نہیں ہوئی تھی اور وہ اس فلم کے لئے ایسی تاریخ بھی نہیں دے رہے تھے جو دیگر اداکاروں کی تاریخوں سے مشترک ہو لیکن اس کے باوجود سونو کو فلم میں شامل کرکے شوٹنگ کی گئی لیکن اُن کے اچانک سے چلے جانے کے بعد اُن کی جگہ ذیشان ایوب کو کاسٹ کیا گیا ہے لیکن اب اُن کا پورا حصہ پھر سے فلمایا جائے گا۔

اداکار سونو سود کے قریبی ذرائع نے فلم چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کنگنا ہر کسی کے کردار میں عمل دخل کر رہی تھیں، فلم کی تاریخ میں بھی ردو بدل کر رہی تھیں اور دیگر کاموں میں بھی من مانیاں کر رہی تھیں، اسی وجہ سے سونو نے فلم چھوڑی۔

ذرائع نے مزید کہا کہ سونو کے فلم چھوڑنے کی وجہ یہ بھی نہیں تھی کہ انہیں خاتون ہدایتکار کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں تھا کیوں کہ اس سے قبل وہ فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ میں ہدایتکار فرح خان کے ساتھ بھی کام چکے ہیں لہذا فلم چوڑنے کے پیچھے کوئی مرد کی انا کا معاملہ نہیں تھا بلکہ صرف کنگنا کی اجارہ داری تھی۔