لاہور: مسلم لیگ (ن) نے مبینہ حکومتی انتقامی کارروائیوں کے خلاف جوابی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے مبینہ حکومتی انتقامی کارروائیوں کے مقابلے کے لیے جوابی حکمت عملی کی تیاری شروع کردی اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق آج صبح 11 بجے لاہور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت سابق وزیر اعظم نواز شریف کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
اجلاس میں حکومتی اقدامات، سی پیک سے متعلق فیصلوں اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کے خلاف حکمتِ عملی تیار کی جائے گی۔ (ن) لیگی قیادت حکومت کے خلاف راست اقدام پر مشاورت کرے گی۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو اعتماد میں لینے کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔

یہ پڑھیں: نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کی ایک اور مدت ختم

(ن) لیگ کا موقف ہے کہ ضمنی انتخاب سے قبل شہباز شریف کی گرفتاری ناقابل قبول ہے اور انتقامی کارروائیاں مزید برداشت نہیں کی جائیں گی۔

یہ پڑھیں: نواز شریف سمیت اہل خانہ کی شہباز شریف سے ملاقات

دریں اثنا نواز شریف سمیت شریف خاندان کے افراد نے نیب آفس میں شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان اہم بات چیت ہوئی۔