اسلام آباد:  وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اور یہ واحد حکومت ہوگی جو معیشت کو دلدل سے نکالے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سینئرپارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، شیریں مزاری، اعظم سواتی، شبلی فراز، علی محمد خان اور عثمان ڈار سمیت دیگرنے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کی وجوہات بتائیں اور معاشی پالیسیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں کو حکومتی موقف کے دفاع کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی موقف درست انداز میں میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عوام کو ہر معاملے پر اعتماد میں لیں ہم عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اور یہ واحد حکومت ہوگی جو معیشت کو دلدل سے نکالے گی۔