لاہور:
فلسطین سے دوستانہ میچ کھیلنے پاکستانی فٹبال ٹیم 13 نومبر کو  مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) روانہ ہوگی۔

کیمپ کے لیے ممکنہ 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مدعو کردہ فٹبالرز کو آج لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کیمپ کل سے شروع ہوگا۔

پی ایف ایف نے جن فٹبالرز کو کیمپ  میں طلب کیا ہے ان میں یوسف اعجاز بٹ، ثاقب حنیف، احسان اللہ، عبدالباسط، تنویر ممتاز، محمد فہیم، غضنفر یاسین، عمر حیات، ارسلان علی، نوید احمد، ذیشان رحمان، عادل احمد، عامر صدیق، شہباز یونس، مہدی حسن، یعقوب اعجاز بٹ، محمود خان، صدام حسین، سعد اللہ، نوید رحمان، عادل رحمان، محمد عدنان یعقوب، عمیر علی، ذین العبادین، محمد عادل، احمد فہیم، محمد ریاض، حسن بشیر، محمد علی اور منصور شامل ہیں۔

 

پاکستان اور فلسطین کی فیڈریشنز نے دو طرفہ معاہدہ کر رکھا ہے جس کے تحت پہلے فلسطین کی ٹیم پاکستان آئی تھی اور لاہور میں کھیلا گیا دوستانہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ اب پاکستانی ٹیم وہاں جاکر کھیلے گی۔ اگلے سال فلسطین کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا امکان ہے۔