ممبئی:  بالی ووڈ کے نئے نئے شادی شدہ جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے اپنی شادی کو خفیہ رکھنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر تقریباً ایک کروڑ کی رقم خرچ کی ہے۔

بھارتی اور بین الاقوامی میڈیا میں دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کے چرچے جاری ہیں دونوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھنے کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر پانی کی طرح پیسہ بہایا ہے۔ سپر اسٹار جوڑی نے اس بات کا بے حد خیال رکھا ہے کہ شادی کی تصاویر لیک نہ ہونے پائیں۔

دپیکا رنویر نے شادی کی تقریب کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کے ساتھ پٹرولنگ بوٹس(کشتیاں) کرائے پر حاصل کی ہیں، جب کہ مہمانوں کے موبائل فونز کے کیمرہ کو اسٹیکر سے چھپایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں نے شادی کی تقریب کو خفیہ رکھنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ(پاکستانی ڈیڑھ کروڑ)کی رقم خرچ کی ہے۔ تاہم سخت سیکیورٹی اور کروڑوں خرچ کرنے کے باوجود جوڑے کی شادی کی چند تصاویر لیک ہوگئیں۔

واضح رہے کہ دپیکا رنویر کی شادی گزشتہ روز کونکنی رسم ورواج کے مطابق انجام پائی تھی اور آج ایک بار پھر دونوں سندھی رسم و رواج کے مطابق شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔ سپر اسٹار جوڑی آج شام 6 بجے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی پہلی تصویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کرے گی۔