سری لنکا کرکٹ آفیشل نے نئے تنازع کو چنگاری دکھا دیکولمبو: سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا نے نئے تنازع کو چنگاری دکھا دی، ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سپر اسٹار مہیلا جے وردنے کو ارسال کردہ ان کی ای میل کو توہین آمیز قرار دیا جا رہا ہے۔
انھوں نے مڈل آرڈر بیٹسمین سے پوچھا تھا کہ وہ اپنی ’’الوداعی پارٹی‘‘کیسی چاہتے ہیں، ساتھی کرکٹرز نے ان کے انداز کو توہین آمیزقرار دیا ہے۔ جے وردنے نے جواب میں کہا کہ ان کیلیے بورڈ کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا اور بیٹسمین مہیلا جے وردنے کے درمیان کافی عرصے سے سرد جنگ چھڑی ہوئی ہے، اب نشانتھا کی تازہ ترین ای میل نے تعلقات میں مزید تلخی پیدا کردی۔
جے وردنے جمعرات سے پاکستان کیخلاف کولمبو ٹیسٹ کے بعد اس طرز سے ریٹائر ہوجائیں گے، جہاں ٹیم اور شائقین انھیں شایان شان انداز میں ٹیسٹ کرکٹ سے الوداع کہنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں وہیں بورڈ خود جے وردنے سے پوچھ رہا ہے کہ وہ اپنی الوداعی پارٹی کو کیسا دیکھنا چاہتے ہیں، یہ سوال نشانتھا نے بیٹسمین کو ای میل میں کیا، جسے مختلف حلقوں کی جانب سے توہین آمیز قرار دیا جارہا ہے۔
اس کے جواب میں جے وردنے کہا کہ مجھے اپنے الوداع کے حوالے سے ملکی کرکٹ انتظامیہ کی جانب سے کسی چیز کی ضرورت نہیں، میری توجہ صرف پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ پر مرکوز ہے، بورڈ اگر مجھے دوست احباب کے لیے میچ کی60 ٹکٹیں فراہم کردے تو میں اس کا شکر گزار ہوں گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جے وردنے کی ٹوئنٹی 20 ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بھی نشانتھا نے تنازع کھڑا کیا تھا۔
دوسری جانب کرکٹ برادری جے وردنے کو آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایکشن میں دیکھنے کیلیے بیتاب ہے، وہ کھیل کے ان 5کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنھوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس میں11ہزار سے زائد رنز اسکور کیے، دیگر چار پلیئرز سچن ٹنڈولکر، رکی پونٹنگ، جیک کیلس اور جے وردنے کے ساتھی کھلاڑی کمارسنگاکارا ہیں۔