ممبئی:
بالی ووڈ سلطان سلمان خان کی فلم ’کک‘ کے سیکوئل میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ جیکولین فرننڈس کو فلم کے سیکوئل سے ہی کک پڑ گئی۔

سال 2014ء میں ریلیز ہونے والی سلو میاں کی مشہور فلم ’کک‘ کا سیکوئل بنانے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں لیکن فلم میکرز کئی عرصے سے فلم کے اس سیکوئل میں جیکولین کی جگہ کترینہ کیف کو شامل کرنے کا سوچ رہے تھے تاہم اب دونوں ہی اداکاراؤں کی جگہ تیسری اداکارہ کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ساجد ناڈیاڈ والا کے بینر تلے بننے والی فلم ’کک‘ کے سیکوئل میں سلمان خان کے مد مقابل معروف اداکارہ دیشا پٹانی مرکزی کردار ادا کریں گی۔ کہا جارہا ہے کہ دیشا پٹانی فلم میں رسیوں پر جھولنے والی فنکارہ کا کردار ادا کریں گی جب کہ سلمان موٹر بائیک پر کرتب دکھانے والے ڈیئر ڈیول کا کردار نبھائیں گے۔ فلم کی شوٹنگ رواں سال کے اختتام پر شروع کی جائے گی۔

 

دیشا پٹانی کی سلمان خان کے ساتھ فلم ’کک ٹو‘ دوسری فلم ہوگی کیوں کہ وہ پہلے ہی سلو میاں کے ساتھ فلم  ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ فلم ’کک ٹو‘ کے سیکوئل میں کام کرنے پر اگر دیشانی پٹانی راضی ہو جاتی ہیں تو وہ اور سلمان خان نئی جوڑی کے طور پر سامنے آئیں گے۔