کامن ویلتھ گیم 28 سال بعد حکمرانی کا تاج انگلینڈ کے سر پر سج گیاگلاسگو: کامن ویلتھ گیمز میں 28سال بعد حکمرانی کا تاج انگلینڈ کے سر پر سج گیا،58 گولڈ ، 59 سلور، 57 برانز سمیت 174 تمغے حاصل کرکے برتری ثابت کردی۔
آسٹریلیا 49 سونے، 42 چاندی ، 46 کانسی سمیت 137 کیساتھ دوسرے نمبر رہا، کینیڈا نے تیسری پوزیشن پائی، اسکاٹ چوتھے، بھارت پانچویں نمبر پر آیا، پاکستان کی 23 ویں پوزیشن رہی، ہاکی میں آسٹریلیا نے بھارت کو4-0سے روندکراعزاز کا دفاع کرلیا۔ نیٹ بال میں بھی میدان آسٹریلیا کے ہاتھ رہا۔ انگلینڈ کے کرس اور گیبی ایڈکاک نے ہم وطن جوڑی کرس لینگریج اور ہیتھر اولیورکو پچھاڑ کر بیڈمنٹن کے مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں گولڈ میڈل پر قبضہ جمانے والے پہلے میاں بیوی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر انگلینڈ نے 58 گولڈ ، 59 سلور، 57 برانز سمیت 174 تمغے حاصل کرکے اپنی حکمرانی ثابت کر دی۔ آسٹریلیا 49 گولڈ، 42 سلور ، 46 برانز سمیت 137 میڈلز جیت کر دوسرے نمبر رہا۔ کینیڈا نے 32 گولڈ سمیت 82 پر قبضہ جماتے ہوئے تیسری پوزیشن پائی۔ سکاٹ لینڈ 19 گولڈ کے ساتھ چوتھے، بھارت 15 کے ساتھ پانچویں نمبر پر آیا۔ نیوزی لینڈ چھٹے، جنوبی افریقہ ساتویں، نائیجیریا آٹھویں، کینیا نویں، جمیکا دسویں پوزیشن کا حقدار بنا۔ 3 سلور ایک برانز میڈل جیت کرپاکستان 23 ویں نمبر پر رہا۔ ایونٹ میں 35 ملکوں کی ٹیمیں شریک تھیں، واحد برانز میڈل کے ساتھ سینٹ لوسیا آخری نمبر رہا۔
گزشتہ روز ہاکی میں آسٹریلیا نے بھارت کو 4-0سے روند کر اپنی حکمرانی برقرار رکھی، انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو پنالٹیز پر مات دیتے ہوئے برانز میڈل کی صورت میں پہلی بار گیمز میں وکٹری اسٹینڈ پر جگہ بنائی، فاتح ٹیم نے پہلے ہاف میں خسارے میں جانے کے باوجود دو بار برتری حاصل کی لیکن مقابلے کا اختتام 3-3 سے برابری پر ہوا،انگلش ٹیم گزشتہ کامن ویلتھ گیمز، اولمپکس اور ورلڈ کپ میں بھی چوتھے نمبر پر رہی تھی لیکن اس بار تاریخ بدل دی، نیٹ بال میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 58-40 کو شکست دیکر گولڈ میڈل حاصل کیا،جمیکا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کو 52-48سے ہرا کر برانز میڈل سے محروم کردیا، گزشتہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم اپنی کارکردگی کا گراف بہتر نہ کرسکی جس پر کوچ اور پرستاروں نے مایوسی کا اظہار کیا۔
سائیکلنگ کی 98کلو میٹر روڈ ریس کی رانی انگلش لیزائی آرمسٹیڈ ثابت ہوئیں، انھوں نے اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا، ہم وطن ایما پولی نے سلور میڈل اپنے نام کیا، جنوبی افریقہ کی ایشلے پاسیو نے برانز حاصل کرلیا۔مینز میں ویلز کے گیرنٹ تھوماس سرفہرست،نیوزی لینڈ کے جیک بیور رنرز اپ انگلش اسکاٹ تھویٹس تیسری پوزیشن پر رہے۔ انگلینڈ کے کرس اور گیبی ایڈکاک نے ہم وطن جوڑی کرس لینگریج اور ہیتھر اولیورکو پچھاڑ کر بیڈمنٹن کے مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں گولڈ میڈل پر قبضہ جمانے والے پہلے میاں بیوی ہونے کا اعزاز حاصل کیا، ٹاپ سیڈز نے پہلے دونوںسیٹ جیت کر برتری ثابت کردی۔ ویمنز ڈبلز میں ملائیشین ویوان کاہ اور کھی وی مون نے بھارتی جوالا گوٹا اور ایشونی بوناپا کا گولڈ میڈل خواب پورا نہ ہونے دیا۔
انگلش گیری ایڈوک اور لورین سمتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔مینز ڈبلز میں بھی ملائیشیا نے گولڈ میڈل جیتا،وی کینگ اور وی شم گو نے سنگا پور کے ڈینی کرسٹیان کے نیچا دکھادیا۔انگلینڈ کے کرس لیگریج اور پیٹر ملز کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ اسکواش کے مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں آسٹریلوی راکیل گرینہم اور ڈیوڈ پالمر نے انگلش پیئر بارکر اور ایلیسن وائٹرز کو زیر کرکے گولڈ میڈل قابو میں کیا،آسٹریلوی کیسی برائون اور کیمرون پلے برانز میڈل کے حقدار بنے۔ مینز ڈبلز میں آسٹریلوی ڈیوڈ پامر اور کیمرون پلے فاتح، انگلش ایڈرین گرانٹ اور نک میتھیو رنرز اپ جبکہ انگلش ڈرائل سیلبی اور جیمز ولسٹروپ تیسرے نمبر پر رہے۔a