دمشق: شام کے شہر ادلب میں شامی اور روسی فورسز کی بم باری کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے، ترک صدر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ترک فوجیوں کو نقصان پہنچا تو کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ شامی اور روسی فورسز نے ادلب میں بم باری کی، شہر پر فضائی حملوں میں 13 افراد ہلاک جب کہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
بم باری سے متعدد عمارتیں بھی تباہ ہو گئیں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ خیال رہے کہ 2018 میں ترکی اور شام میں جنگ بندی کے باوجود اب تک 18 سو شہری فضائی اور زمینی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق بم باری اور حملوں کے باعث گزشتہ سال 15 لاکھ شامی شہری ترکی کے سرحدی علاقوں میں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:
افغان طالبان کی امریکا کو بڑی دھمکی
ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ترک فوجیوں کو نقصان پہنچا تو ادلب ہی نہیں دیگر جگہ بھی کارروائی ہوگی، ترکی کی جانب سے بغیر کسی جھجک کے زمینی اور فضائی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ادلب میں شامی آرمی کے حملے میں 5 ترک فوجی ہلاک ہو گئے تھے، جس کے جواب میں ترک فوج نے شامی فوج کے اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے انھیں تباہ کر دیا تھا۔