560

اسلام آباد، ڈاکوؤں اور پولیس میں مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تھانہ آئی نائن کی حدود میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا اور فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔

 اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ آئی نائن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے، مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 2 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس حکام کے مطابق ڈاکو شہری سے لوٹ مار کررہے تھے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی افراد کو بھی اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

یاد رہے کہ 6 فروری کو پولیس پارٹی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا، راولپنڈی میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اسلام آباد پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی شکیل احمد زخمی ہوا تھا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں