پشاور: وفاقی دارالحکومت میں مقابلے کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو خیبرپختونخواہ پولیس نے بنوں سے گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آبادکے علاقے آئی 8 میں ڈکیتی کے بعد پولیس سے مقابلے کے دوران فرار ہونے والے اہم ملزم کو خیبرپختونخواہ کے علاقے بنوں سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق ملزم عامر خان کو اسلام آباد پولیس کی درخواست پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا، ملزم کی فائرنگ سے اسلام آباد میں 2 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والا ملزم عامر پولیس اہلکار نہیں البتہ مقابلے میں مارا جانے والا اُس کا ساتھی اشرف اسلام آباد پولیس کا اہلکار اور ملزم کا قریبی رشتے دار تھا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم عمران خان آج پشاور اور ضلع مہمند کا دورہ کریں گے
واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن کی حدود میں 7 مارچ کو ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران 2 راہگیر جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈاکو شہری سے لوٹ مار کررہے تھے، جنہوں اہلکاروں کو دیکھ کر فائرنگ کردی تھی۔
بعد ازاں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش میں مارا جانے والا ڈاکو اسلام آباد پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی فورس اہلکار ہے جو ملازمت کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر لوٹ مار کی وارداتیں کرتا تھا۔