464

امریکی صدر کا طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کردیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کردیا، افغان امن معاہدے پر 29 فروری کو دوحہ میں دستخط ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ دیکھنا چاہتے ہیں ایک ہفتے میں معاملات کہاں تک پہنچتے ہیں، ایک ہفتے سے پہلے ہی معاملات طے ہوجائیں تو زیادہ اچھا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے فوجی گھر واپس آنا چاہتے ہیں، طالبان معاہدے کے لیے سنجیدہ ہیں اور لڑائی سے تھک چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان کے ساتھ معاہدہ 29 فروری کو ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس، ترکی کا ایران کے ساتھ سرحد عارضی طور پر بند کرنیکا فیصلہ

انہوں نے سعودی عرب کے دورے کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ تشدد میں کمی کے حوالے سے ہونے والی مفاہمت پر کامیابی سے عملدرآمد کی صورت میں امریکا اور طالبان کے مابین 29 فروری کو معاہدہ ہوسکتا ہے۔

طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور طالبان کے مابین معاہدہ بین الاقوامی مبصرین کی موجودگی میں ہوگا۔

امریکی مذاکرات کاروں اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ایک ہفتے کے لیے تشدد میں کمی کی جس مفاہمت پر اتفاق کیا تھا اس کا آغاز 22 فروری سے ہورہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 8 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کی جانب سے کابل حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد امن مذاکرات منسوخ کر دیے تھے۔ جس کے دوبارہ ماحول سازگار بنایا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں