سیالکوٹ: پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں انوکھی شادی منعقد ہوئی جس میں باراتیوں پر موبائل فونز اور گھڑیاں نچھاور کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال کے نواحی گاؤں میں باراتیوں کا جوش دیکھ کر سسرالیوں نے بھی دلہے اور فیملی کو 2 عمرہ ٹکٹ، 7 لاکھ روپے نقدی سلامی میں دے دی، انوکھی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دلہے اور فیملی کو جہیز میں 6 موٹرسائیکلیں، 2 اونٹ، 2 گائے، 2 بھینسیں اور 2 بھیڑیں بھی دی گئیں۔
لڑکی والوں کی جانب سے دلہے کی فیملی کو 2 بکریاں، دو بطخیں، دو مرغیاں، دو خرگوش، اور کتوں کا جوڑا بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آپریشن ردالفساد کو تین سال مکمل ہوگئے ، اس موقع پر شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کیا گیا
سسرالیوں نے جہیز میں باراتیوں کو مختلف قسم کی سلامیاں بھی تحفے میں دی گئیں، باراتیوں کو جائے نماز، قرآن پاک اور 350 جوڑے بھی دئیے گئے۔
واضح رہے کہ ڈسکہ کے گاؤں مرہانہ کا دولہا سلیم سمبڑیال کے گاؤں جیٹھیکے بارا ت لے کر پہنچا تھا، دولہا محمد سلیم بھی سسرالیوں کی طرف سے دئیے لاتعداد تحائف پر خوش دکھائی دیا۔
دلہے کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش ہوں، ہم کسان لوگ ہیں، تحفے میں دئیے گئے جانوروں کا خوب خیال رکھیں گے، سسرالیوں کی جانب سے دی جانے والی عزت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔