اسلام آباد: او آئی سی سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر وفد کے ہمراہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبیے 6 مارچ تک پاکستان اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی وفد کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی، او آئی سی وفد لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کرے گا جہاں وہ بھارتی فائرنگ سے شہری آبادی کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کا اسکولوں میں مزید چھٹیوں سے متعلق بڑا اعلان
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی وفد کا دورہ 5 اگست کے بھارتی یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں ہے، او آئی سی نے کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کی مکمل حمایت کی، او آئی سی نے 1994 میں اس سلسلے میں ایک کنٹیکٹ گروپ بھی قائم کیا، انڈیپنڈنٹ ہیومن رائٹس کمیشن نے مظالم کی مذمت میں کئی بیانات جاری کیے، 5 اگست کے بعد اوآئی سی کنٹیکٹ گروپ کے 2 اجلاس بھی ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ آج اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا خصوصی وفد بھی دورہ پاکستان پر آ رہا ہے، ذرایع کا کہنا تھا کہ وفد کشمیر کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر دورہ کر رہا ہے، وفد وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ سے ملاقات کرے گا، ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آئے گا۔