پیرس: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے اکثر ارکان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو تسلیم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چینی وزارت خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خلاف نمایاں اقدامات کیے ہیں جنہیں ایف اے ٹی ایف کے زیادہ تر ممبران نے سراہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے بیان میں مزید کہا کہ چین و دیگرممالک پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خان کا ہر سال 50ہزار اسکالر شپ دینے کا بڑا اعلان
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے یا نکالنے سے متعلق ایف اے ٹی ایف کے فیصلے سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کی جانب سے 16 سے 21 فروری تک جاری رہنے والا اجلاس مکمل ہونے کے بعد ایک باضابطہ بیان آج جاری کیا جائے گا۔ ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر ریونیو حماد اظہر کر رہے ہیں۔