مانچسٹر: برطانیہ میں کرونا وائرس کے چار مزید کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد مریضوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق جاپان سے برطانیہ پہنچنے والے چار شہریوں میں کرونا وائرس COVID2019کی تصدیق ہوئی، مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد انہیں اسپتال بھیج دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مسافروں میں وائرس کی منتقلی جاپان سے آنے والے بحری جہاز میں ہوئی، ڈائمنڈکروز شپ نامی جہاز گزشتہ روز لیور پول کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا۔ برطانوی حکام نے بحری جہاز سے آنے والے تمام مسافروں کو چودہ روز آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر کا طالبان کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں کرونا وائرس کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 8 کو علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ ایک مریض تاحال زیر علاج ہے۔
یاد رہے کہ چین کے بعد اب برطانیہ، ایران، فرانس، اٹلی سمیت دیگر ممالک میں بھی کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، ووہان سے پھیلنے والے وائرس کی وجہ سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2700 سے زائد ہوگئی جبکہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔