575

برطانیہ میں اموات کی تعداد بڑھنے لگی، کرونا وائرس کا ایک اور مریض دم توڑ گیا

لندن : برطانیہ میں ہلاکت خیز کرونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال رک نہ سکا، نہ ہی اسے پھیلنے سے روکا جاسکا ہے، دنیا بھر میں اس وائرس سے 95 ہزار 488 سے افراد متاثر ہو چکے ہیں، دوسری طرف صحت یابی کا عمل بھی جاری ہے اور اب تک 53689 سے افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں، عالمی سطح پر صحت یابی کے عمل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

برطانیہ کے علاقے ملٹن کینز کے رہائشی 80 سالہ شخص میں کرونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہیں طبی نگرانی میں رکھا جارہا تھا۔

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک ترین وائرس سے متاثرہ شخص آج اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد برطانیہ میں اموات کی تعداد 3 ہوچکی ہے۔

برطانوی حکام نے ہری کرشنا تحریک کے مندر سے منسلک شخص میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق کی ہے، مندر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا کیس سامنے آنے پر مندر کو تا حکم ثانی بند کردیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 164 تک پہنچ چکی ہے۔

یورپی حکام کی جانب سے کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کےلیے یورپ بھر میں ہنگامی حالت نافذ کرکے 3 ہفتے کےلیے یورپین پارلیمنٹ میں تمام وزٹرز کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کرونا وائرس: امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بیلجیئم کو کورونا وائرس سے ہوٹلنگ کی صنعت میں 10 ملین یورو کا نقصان ہوچکا ہے، عالمی سطح پر کرونا وائرس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو 30 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے۔

چین میں، جہاں سے یہ وائرس پھیلنا شروع ہوا، ہلاکتوں اور نئے مریضوں میں بتدریج کمی آتی جا رہی ہے، اب تک چین میں 3,013 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 80,430 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے، صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 52,208 تک پہنچ گئی ہے تاہم اب بھی 5,952 چینی شہریوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں