مانچسٹر: برطانیہ میں قتل ہونے والے پاکستانی نژاد نوجوان کی تفصیلات جاری کردی گئیں، قتل کے شبہے میں مزید 2 افراد گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر کے علاقے اولڈھم میں چیویٹ ایونیو میں قتل ہونے والے پاکستان نژاد نوجوان سے متعلق تفصیلات جاری کرتے ہوئے پولیس نے کہا ہے کہ 19 سالہ نوجوان کا نام احسن خان ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر نوجوان کے قتل کے شبہے میں دو افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم اب دو مزید افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیریوں کی حمایت میں بولنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ سے دہلی آمد پر ذلت آمیز سلوک
احسن خان کو گزشتہ روز چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ انھیں ایمرجنسی نمبر پر کال موصول ہوئی تو فور طور پر ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، پولیس نے جائے وقوعہ سے خون میں لت پت زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران علاج انتقال کر گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے ابتدائی شواہد اکٹھے کر کے فرانزک تجزیے کے لیے لیب بھجوائے۔
ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ دو گروپس میں جھگڑے کو قرار دیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے شہریوں سے واقعے کے متعلق معلومات فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ خیال رہے کہ گرفتار مشتبہ افراد کی عمریں بھی 20 اور 21 سال کے درمیان ہیں۔