522

برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید 4 مریضوں کی تصدیق

مانچسٹر: برطانیہ میں کرونا وائرس کے 4 مزید مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد وائرس کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 20 ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کے مزید چار کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد بیس ہو گئی ہے، ویلز میں ایک جب کہ ناردرن آئرلینڈ میں بھی ایک شخص میں وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

ویلز اور ناردرن آئرلینڈ میں کرونا وائرس کے یہ پہلے مریض ہیں، چیف میڈیکل آفیسر برطانیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں میں وائرس کی منتقلی ایران میں ہوئی۔ برطانیہ میں ایسا پہلا مریض بھی سامنے آ گیا ہے جسے کرونا وائرس برطانیہ ہی میں لاحق ہوا، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ سرے کاؤنٹی کے رہایشی کو وائرس کیسے لگا، کسی ایسے شخص سے براہ راست یا بالواسطہ طور پر جو باہر سے آیا ہو، کیوں کہ اس نے خود باہر کا سفر نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ چند دن قبل برطانوی چیف میڈیکل آفیسر نے کہا تھا کہ برطانیہ میں وائرس پھیلنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث منگل کے روز متعدد اسکولوں کو بند کیا گیا، کرونا وائرس کو عالمی وبا ڈکلیر کیا گیا تو برطانیہ میں تمام اسکولوں کو بند اور پبلک ٹرانسپورٹ کو محدود کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:معاہدے امریکی افواج کے انخلا کا راستہ فراہم کر سکتے ہیں: صدر ٹرمپ

انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شمالی برطانیہ کے متعدد اسکولوں کے طلبہ سیاحتی دورے پر اٹلی گئے تھے، خدشہ ہے کہ وہ اپنے ساتھ وائرس لائے ہیں۔ دوسری جانب کرونا وائرس کے پیش نظر یارکشائر کے علاقے ہڈرز فیلڈ کے اسکول کے بچوں اور اسٹاف کو گھر بھیج دیا گیا تھا جب کہ 23 بچوں اور 3 اسٹاف ممبرز کو 14 روز تک آئسولیشن میں رکھنے کی ہدایات کی گئی تھی۔

گزشتہ روز کرونا وائرس سے پہلا برطانوی شہری بھی ہلاک ہو گیا ہے، برطانوی شہری قرنطینہ میں رکھے گئے بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز کا مسافر تھا، ہلاکت سے متعلق خبر جاپانی محکمہ صحت نے دی جو جاپان میں زیر علاج تھا۔ کرونا وائرس سے اب تک جہاز کے 6 مسافر ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں