ڈھاکا: بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے صاف انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ پاکستان سپر لیگ کے بعد اپریل میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ ڈے اینڈ نائٹ کھیلنے کی تجویز پیش کی تھی جس پر پی سی بی کو بنگلادیش کے ردعمل کا انتظار تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو وائٹ واش کر دیا
اس حوالے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے خدشات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ سے بات چیت کی تو وہ پنک بال سے کھیلنے کے لیے رضامند نہیں ہوئے کیونکہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹیم کی تیاری نہیں ہے۔
چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کے نکتہ نظر اور خیالات کو سمجھتے ہوئے یہ فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے اب تک صرف ایک ہی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا ہے جس میں اسے بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔