لاہور: یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کا احترام کشمیر سمیت ہر جگہ ہونا چاہیے، مستقبل کے چیلنجز سامنے رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لمز یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ21ویں صدی میں اقوام متحدہ میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوگا، اداروں کے درمیان ڈائیلاگ کا ہونا ضروری ہے، مستقبل کے چیلنجز سامنے رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کرنا ہوگی، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے۔ آج کے دور کا سب سےبڑا مسئلہ ماحولیاتی آلودگی ہے، سلامتی کونسل کے صرف5ممالک کے پاس ویٹو پاور ہے، عالمی سطح پر بھی ملکوں میں مساوات نہیں ہے، افراد اور ملکوں میں مساوات قائم کرنا آسان نہیں یہ طویل عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ترنول سے اغوا کیا گیا 2 سال کا حسن بحفاظت بازیاب، ایک ملزم گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ طاقت دی نہیں جاتی بلکہ طاقت لی جاتی ہے، انسانی حقوق کے تحفظ اور ترویج میں نوجوان نسل کردار ادا کرسکتی ہے، میں نے کشمیر کی بات کی،بنیادی انسانی حقوق کا ہر جگہ احترام ہونا چاہیے۔
علاوہ ازیں یو این سیکریٹری جنرل نے کرتارپور روانگی سے قبل ڈی ایچ اے کنڈر گارٹن اسکول کا دورہ کیا، وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے انتونیو گوتریس کا استقبال کیا، ہاتھوں میں پھول اور روایتی لباس پہنے اسکول کے بچوں نے مہمان کو خوش آمدید کہا، یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے۔
بعد ازاں انتونیو گوتریس نے اسکول کے بچوں سے ملاقات کی، اس موقع پر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اوروزیر صحت نے یادگاری کتاب میں کلمات بھی درج کئے۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین نے کہا کہ انتونیو گوتریس کا پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ہم پاکستان کوپولیوسے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہیں، صحت کیلئے عوام کو سہولتیں اولین ترجیحات میں شامل ہیں، صحت کارڈ سے72لاکھ خاندانوں کے کومفت علاج کی سہولت دی جارہی ہے۔
یو این سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستانی بچوں کےمحفوظ،صحت مندمستقبل کی یقین دہانی کراتے ہیں، پاکستان کے والہانہ استقبال اور پرتکلف مہمان داری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان ماضی کی نسبت اب زیادہ پرامن ملک ہے، اقوام متحدہ پاکستان میں بیماریوں سے لڑنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔