دبئی: ورلڈکپ کے فائنل میں بنگلادیشی اور بھارتی کھلاڑیوں کو جھگڑنا مہنگا پڑ گیا، لڑاکو پلیئرز کو آئی سی سی نے پابندیوں میں جکڑ دیا۔
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے اختتام پر چیمپئن ٹیم کے کھلاڑی جشن منارہے تھے کہ اس دوران شکست خوردہ بھارتی ٹیم کے پلیئرز بھی وہاں پہنچ گئے جس پر کھلاڑیوں میں گرما گرمی ہوگئی اور وہ لڑ پڑے۔
جینٹل مین گیم کا وقار مجروح ہونے پر آئی سی سی حرکت میں آگیا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کھلاڑیوں کے خلاف پابندی عائد کردی۔
یہ بھی پڑھیں:
فیلڈ امپائر اب نو بال نہیں دے گا
آئی سی سی نے مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے 5 کھلاڑیوں کو ضابطہ اخلاق کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں منفی پوائنٹس دے دیے۔
بنگلادیشی کھلاڑیوں رقیب الحسن، توحید اور شمیم حسین جب کہ بھارتی پلیئرز آکاش سنگھ اور روی بشنوئی کو آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی پر چارج کیا گیا، روی بشنوئی کو آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا اضافی چارج بھی کیا گیا۔